میونسپل کارپوریشن گجرات کے زیر اہتمام شجرکاری مہم اور آگاہی واک کا انعقاد

گجرات (صابر علی صابر)وزیر اعظم کے گرین پاکستان پراجیکٹ اور پلانٹ فار پاکستان پروگرام کے تیسرے روز میونسپل کارپوریشن گجرات کے زیر اہتمام شجرکاری مہم اور آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے واک قیادت کی، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ڈاکٹر رانی حفصہ کنول، چیف آفیسر اخلاق احمد وڑائچ، میاں ہارون مسعود، چوہدری اعجاز وڑائچ، احمد حسن مٹو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مہمانان خصوصی نے پودے لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا بعد ازاں میونسپل کارپوریشن کے سٹاف نے اولڈ جی ٹی روڈ اور رحمان شہید روڈ کے میڈینز پر سینکڑوں پودے لگائے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق شجرکاری مہم کے دوران یکم اگست سے تین اگست تک مختلف سرکاری اداروں کی زمین، دھول میں واقع فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کی اراضی پر شجرکاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل شجرکاری مہمات کے دوران بھی بڑی تعداد میں پودے لگائے گئے ہیں اور متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ انکی دیکھ بھال یقینی بنائی جائے۔ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ڈاکٹر رانی حفصہ کنول نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کلین اینڈ گرین گجرات کیلئے حکومت پنجاب اور ڈپٹی کمشنر گجرات کی ہدایات کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں