رحیم یار خان: اکبر ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 18 افراد جاں بحق

صادق آباد(جے ایم ڈی) ولہار ریلوے اسٹیشن پر اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی میں تصادم کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق افراد اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق کوئٹہ جانے والی اکبر ایکسپریس ولہار ریلوے اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی ڈاکٹر حفیظ الرحمان بگٹی اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔

ترجمان پولیس کے مطابق تصادم کے نتیجے میں اکبر ایکسپریس کی متعدد بوگیاں الٹ گئیں جب کہ حادثے میں اکبر ایکسپریس کے انجن کو شدید نقصان پہنچا۔
ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان جمیل احمد جمیل نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر سے 50 سے زائد سرکاری و نجی ایمبولینسز نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا، شیخ زید اسپتال میں کنٹرول روم قائم کیا گیا جب کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال اور شیخ زید اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کی گئی۔ علاوہ ازیں ڈی پی او عمر سلامت نے زخمیوں کے لیے عوام سے خون کے عطیات کی اپیل کی۔

ڈی پی او رحیم یار خان عمر سلامت نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ٹرینوں کے درمیان افسوس ناک حادثہ سگنل بروقت تبدیل نہ کرنے کے باعث پیش آیا، مسافر ٹرین کے لوپ لائن پر آنے کی وجہ بظاہر نظر نہیں آرہی، ضلعی پولیس محکمہ ریلوے کے ساتھ مل کر حادثہ کے محرکات جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے، علاوہ ازیں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بھی تشکیل دی جا رہی ہے، جلد حادثے کے محرکات بارے حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان اور وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ٹرین حادثے اور قیمتی جانوں کی ہلاکتوں پراظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حادثہ بظاہر انسانی غفلت کا نتیجہ لگتا ہے۔ وزیر ریلوے نے حادثے کے متعلق اعلیٰ ترین سطح تحقیقات کا حکم دے دیا ۔ریلوے حکام کے مطابق ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ آئندہ تین روز میں مکمل کر کے چیئرمین ریلوے کو بجھوائی جائے گی۔

فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر ظفر ٹرین ڈرائیور، اسسٹنٹ ٹرین ڈرائیور، گارڈ اور کانٹے مین، کیبن مین اور سگنلز مین سے حادثے کی تحقیقات کریں گے۔ انسپکٹر ظفر کلور حادثے کی ابتدائی رپورٹ تین روز میں مکمل کرکے رپورٹ چیئرمین کو ارسال کردیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں