سرکاری تعلیمی اداروں کیلیے 22کروڑ71لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری

گجرات(صابر علی صابر)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ ضلع بھر کے 1398سرکاری تعلیمی اداروں میں نان سیلری بجٹ کی مد میں سکول کونسلز کے ذریعے اخراجات کیلئے 22کروڑ71لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دیے گئے، ای ٹرانسفر پالیسی کے تحت 552اساتذہ کرام کے تبادلے کئے گئے ہیں، ایجوکیشن افسران تعلیمی رینکنگ کو مزید بہتر بنانے اور حکومت کیطرف سے مقرر کردہ اہداف کے حصول کیلئے بھرپور محنت سے فرائض کی انجام دہی جاری رکھیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ریویو کمیٹی برائے ایجوکیشن کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈی ایم او محمد فہد، چیف ایگزیکٹوا ٓفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی افضل شاہد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران، اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈی ایم او نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے مئی کے دوران اساتذہ و طلبہ کی حاضری، بنیادی سہولیات کی فراہمی، افسران کے دورہ جات، ایل اینڈ ڈی ٹیسٹ سمیت تمام اہداف کامیابی سے حاصل کئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے بتایا کہ این ایس بی فنڈز ان اداروں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کی تعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے جاری کئے جاتے ہیں، تعلیمی اداروں کے سربراہان سکول کونسل ممبران کی مشاورت سے ان وسائل سے سکولوں میں بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اخراجات کر سکتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جن اساتذہ کرام کے ای ٹرانسفر پالیسی کے تحت تبادلے کئے گئے ہیں ان کے ٹرانسفر کے احکامات پر عمل درآمد کیلئے ڈیپارٹمنٹ کیطرف سے جاری ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے گزشتہ سہ ماہی کے دوران ایجوکیشن سیکٹر کی تعلیمی رینکنگ میں 26درجے بہتری اور صوبے میں تیسری پوزیشن پر تمام افسران، اساتذہ کرام کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ہدایت کی کہ کارکردگی کا تسلسل جاری رکھا جائے، ایس ڈی جیز کے حوالے سے اہداف کے حصول کیلئے خود کو تیار رکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں