ڈی ایچ اے کے زیراہتمام ڈینگی کے حوالے سے شعور اجاگر کیلئے آگاہی واک

گجرات(صابر علی صابر )ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے زیر اہتمام شہریوں میں ڈینگی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کیلئے آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر زاہد تنویر، ڈی ایچ او ڈاکٹر زکریا، محکمہ صحت کے افسران، ملازمین، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، شرکاء نے سیشن کورٹ سے ضلع کونسل تک مارچ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے ڈینگی سے بچا ؤ ممکن ہے، شہریوں کو اس حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے بھرپور مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے خطرات سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے سرویلنس سے وابستہ تمام افسران و ملازمین کو بھرپور محنت سے کام کرنا ہوگا، انڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس کو موثر بنانے کیلئے کام کیا جائے، خصوصا پارکوں، بڑی فیکٹریوں، تالابوں، قبرستانوں، نرسریوں، گھروں میں فریج کے ڈبے، گملوں، کولر سمیت ایس او پیز کے مطابق تمام اشیاء کی انسپکشن یقینی بنائی جائے، اور جن مقامات سے لاروا ملے وہاں فورا انسدادی کاروائیاں عمل میں لائی جائیں جبکہ انسداد ڈینگی سرویلنس میں رکاوٹ بننے اور ڈینگی کے فروغ کا سبب بننے والوں کے خلاف قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کو ہدایت کی انسداد ڈینگی ٹیموں کی استعداد کار میں اضافہ کیلئے ٹریننگ پر بھرپور توجہ دی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ضلع گجرات میں بھرپور سرویلنس پر ڈسٹرکٹ انٹامالوجسٹ اور انکی ٹیم کو بھی سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں