بڑی یورپی ایئر لائن نے پاکستان کیلئے شروع کرنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (جے ایم ڈی)وفاقی وزیر سول ایوی ایشن غلام سرور خان نے کہا ہے کہ برٹش ایئر ویز جون سے اسلام آباد سے ہفتہ میں تین پروازیں چلائے گی . وفاقی وزیر برائے سول ایوی ایشن ڈویژن غلام سرور خان نے کہا ہے کہ برٹش ایئر ویز جون سے اسلام آباد سے ہفتہ میں تین پروازیں چلائے گی، یہ آپریشن 11 سال کے بعد دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے .

سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ پیغام میں غلام سرور خان نے کہا کہ برٹش ایئر ویز نے اسلام آباد سے ہفتہ میں تین پروازیں شروع کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے . یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں برطانیہ نے اسلام آباد سے لندن کے لیے برٹش ائیر ویز کی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا . مذکورہ ایئر لائن نے ستمبر 2008ء میں پاکستان کیلئے آپریشن معطل کردیا تھا . برٹش ایئرویز اسلام آباد سے ہیتھرو ایئر پورٹ فلائٹ آپریٹ کرے گی جبکہ لندن سے اسلام آباد ہفتہ وار تین پروازیں چلائی جائیں گی . برٹش ائیر ویز کی جانب سے پاکستان کے لیے پروازیں شروع کرنے کے اعلان کے بعد اب جرمنی کی ائیر لائن لفتھانسا کی جانب سے پاکستان میں پروازیں شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی،

اس ملاقات میں سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر روابط مسائل کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں اور اس لیے دونوں ملکوں کے پارلیمانوں میں موجود دوستی گروپوں کو مزید مؤثر کردار ادا کرنا ہو گا . جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے سلیم مانڈوی والا کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا . اس موقع پر جرمنی کے سفیر نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو بتایا کہ جرمنی کی مشہور ائیر لائن لفتھانسا پاکستان سے اپنی پروازوں کا آغاز کرنے کی خواہش مند ہے، انہوں نے کہا کہ ائیر لائن کے حکام کی ٹیم جائزہ لینے کے لیے پاکستان کاباقاعدہ دورہ کرے گی .

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں