پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ڈیمزفنڈ ریزنگ پروگرام

گجرات( راجہ نصرت علی ) پا کستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام جوہانسبرگ میں ڈیمزفنڈ کیلئے گرینڈفنڈ ریزنگ پروگرام کاانعقاد ، ساؤتھ افریقہ میں مقیم پاکستانیوں کی دلچسپی غیر معمولی، پروگرام میں پی ٹی آئی کے سینیٹرفیصل جاوید اور قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی خصوصی شرکت ، ساؤتھ افریقہ سے مجموعی طور پر پانچ کروڑ روپے سے زائد رقم جمع کرلی گئی۔ساؤتھ افریقہ سے موصول تفصیلات کے مطابق 4فروری 2019 ء کو پا کستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کی طرف سے جہانسبرگ میں پاکستان میں ڈیمز کی تعمیر کیلئے ’’گرینڈ فنڈ ریزنگ پروگرام‘‘ کااہتمام کیاگیا۔ پروگرام میں پی ٹی آئی کے سینیٹرفیصل جاوید اور قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی شریک ہوئے ۔ پاکستانیوں نے ساؤتھ افریقہ سے مجموعی طور پر پانچ کروڑ روپے سے زائد رقم جمع کی۔ گرینڈ فنڈریزنگ پروگرام میں وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان کادستخط شدہ بلا 30لاکھ روپے میں راناماہتاب صاحب نے خرید لیا۔ وزیراعظم کے دستخط والی گیندچوہدری جان محمد صاحب نے بولی دے کر 7لاکھ روپے میں خرید ی اور قومی ٹیم کے دستخط والے بلے میاں نصیراحمد صاحب اور احمد رضابٹ صاحب نے سات سات لاکھ روپے میں خریدلئے۔پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن جوہانسبرگ نے ایک کروڑ روپے ڈیمز کی تعمیر کیلئے عطیہ کئے۔ ایسوسی ایشن نے لمپوپو صوبے سے 50لاکھ روپے، پریٹوریاسے 20لاکھ اورایسوسی ایشن کے امپومالانگا یونٹ سے 10لاکھ روپے فنڈ وصول کیا ۔ پروگرام میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی موجودگی نہ صرف پاکستانیوں کی بڑی تعداد میں شرکت کاباعث بنی بلکہ لوگوں کاجوش وجذبہ بھی دیدنی تھا۔ پی ٹی آئی کے سینیٹر جاویداقبال صاحب کوپروگرام میں موجود پاکر ساؤتھ افریقہ میں پاکستانی کمیونٹی کے نمائندہ مقررین نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے ۔ ساؤتھ افریقہ میں پاکستانی ہائی کمیشن پاکستان کے شناختی کارڈپر لوگوں کو پاسپورٹ جاری کرنے سے انکار نہ کیاجائے اور پاکستانی ائرپورٹس پر ان کے ساتھ اچھے سلوک کو یقینی بنایا جائے تاکہ وطن واپسی پر اپنوں کی بے جاضابطہ پرستی اور بدسلوکی ان کیلئے تلخ تجربات کاباعث نہ بنے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں